کرناٹک میں زبردست بارش سے تلنگانہ میں پانی کے بہاو میں اضافہ، ناگرجنا ساگر پراجیکٹ کی صورتحال غیر اطمینان بخش
حیدرآباد ۔ 5 اگست (سیاست نیوز) کرناٹک میں جاری بارش کی وجہ سے تلنگانہ کے مختلف مقامات سے بہنے والی دریائے کرشنا میں پانی کے بہاؤ میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ تیزی پیدا ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں الماٹی ڈیم سے (2.85) لاکھ کیوسکس پانی نچلی سطح (یعنی دریائے کرشنا) کیلئے چھوڑا جارہا ہے۔ پانی کے بہاؤ کے باعث اتنی ہی مقدار میں یعنی 2.85 لاکھ کیوسیکس پانی نارائن پور ڈیم سے جورالا پراجکٹ کیلئے چھوڑا جارہا ہے۔ پانی کے ذخیرہ کی صورتحال انتہائی اطمینان بخش ہونے کی وجہ سے گذشتہ شب تک سری سیلم پراجکٹ میں بھی 100 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ ممکن ہوسکا۔ علاوہ ازیں محکمہ آبپاشی ذرائع کے مطابق مہاراشٹرا سے براہ تلنگانہ بہنے والی دریائے گوداوری میں پانی کا بہاؤ کافی تیز ہے۔ اس بہاؤ کے نتیجہ میں تلنگانہ میں ’’ایلم پلی پراجکٹ کی سطح آب مکمل ہوچکی ہے جبکہ سری رام ساگر پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ میں کمی کی اطلاعات ہیں۔ تاہم سری رام ساگر پراجکٹ کے اطراف آبگیر علاقوں میں شدید بارش سے پانی کی تیز بہاؤ کی وجہ سے تقریباً دو ٹی ایم سی پانی کے ذخیرہ میں اضافہ ہوا۔ بتایا جاتا ہیکہ مہاراشٹرا میں شدید بارش کے نتیجہ میں پرانہیتا پراجکٹ میں پانی کا بہاؤ زیادہ تیز ہوگیا جس کی وجہ سے گذشتہ شب میڈی گڈہ بیاریج کے 85 گیٹس کے منجملہ 81 گیٹس کھول دیئے گئے اور پراجکٹ میں آنے والا پانی 8.26 لاکھ کیوسکس رہنے پر پانی کا اخراج بھی احتیاطی تدابیر کے تحت 8.26 لاکھ کیوسیکس کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں انارم بیاریج کے چار گیٹس اٹھا دیئے گئے۔ اس طرح انارم بیاریج میں بھی انفلو 6.541 کیوسیکس ہونے پر آوٹ فلو 18 ہزار کیوسیکس کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دریائے کرشنا پر موجود پراجکٹ الماٹی ڈیم میں ذخیرہ آب کی مکمل گنجائش 129.72 ٹی ایم سی کے منجملہ اب 102.698 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ ہے جبکہ اس ذخیرہ میں 2.45.000 کیوسیکس پانی کا ذخیرہ ہونے کے منجملہ 2.85.375 کیوسیکس پانی کا نچلی سطح کیلئے اخراج کیاجارہا ہے۔ اسی طرح نارائن پور ڈیم کی مکمل گنجائش 37.64 ٹی ایم سی پائی ہے جس کے منجملہ فی الوقت 28.23 ٹی ایم سی پانی ہے جبکہ 2.60.000 لاکھ کیوسیکس پانی کا انفلو جاری ہے لیکن 2.71.390 لاکھ کیوسیکس پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جورالا پراجکٹ میں پانی کی گنجائش 9.66 ٹی ایم سی فیٹ ہے فی الوقت 9.36 ٹی ایم سی پانی جورالا پراجکٹ میں ہے جس کی وجہ سے 2.33.000 لاکھ کیوسیکس پانی ذخیرہ ہورہا ہے لیکن احتیاطی تدابیر کے تحت 2.33669 کیوسیکس پانی چھوڑ دیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں تنگبھدراڈیم میں پانی کے ذخیرہ کی گنجائش 100.86 ٹی ایم سی رہنے کے منجملہ فی الوقت 33.98 ٹی ایم سی پانی ہے۔ تاہم اوپری سطح سے پانی تیزی کے ساتھ اس پراجکٹ میں جمع ہورہا ہے اس طرح 16.309 کیوسیکس پانی جمع ہونے کے منجملہ 1251 کیوسیکس پانی چھوڑا جارہا ہے اسی طرح سری سیلم پراجکٹ میں پانی کے ذخیرہ کی جملہ گنجائش 215.81 ٹی ایم سی فیٹ ہے جس کے منجملہ فی الوقت سری سیلم پراجکٹ میں پانی کا ذخیرہ 100 ٹی ایم سی ہی ہے لیکن پراجکٹ میں دریائے کرشنا سے پانی کا بہاؤ کافی تیز ہے جس کے نتیجہ میں 2.20.455 کیوسیکس پانی کا ذخیرہ ہورہا ہے جبکہ 2400 کیوسیکس پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے۔ ناگرجنا ساگر میں پانی کا ذخیرہ غیراطمینان بخش ہے کیونکہ اس پراجکٹ میں پانی کافی کم مقدار میں جمع ہورہا ہے۔ ناگرجنا ساگر پراجکٹ میںپانی کے ذخیرہ کی جملہ گنجائش 312.05 ٹی ایم سی پائی جاتی ہے لیکن فی الوقت ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں صرف 126.14 ٹی ایم سی پانی ہی ہے اور پانی کی آمد بھی برائے نام ہے۔ اس کے باوجود آئندہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر کی روشنی میں 591 کیوسیکس پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے۔
