نئے زونل سسٹم کے تحت تقررات کی تجاویز ، حکومت کی منظوری کے بعد شروع ہوگا بھرتی کا عمل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : حکومت نے ریاست کے ویلفیر ریسیڈنشیل سوسائٹیز کے تعلیمی اداروں میں صدارتی حکمنامہ پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جس کے بعد ان تعلیمی اداروں میں تقررات کے لیے راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولس و کالجس میں تقریبا 10 ہزار جائیدادوں پر تقررات ہونے کے امکانات ہیں ۔ نئے زونل سسٹم پر عمل آوری کے لیے حکومت نے تاحال کوئی احکامات جاری نہیں کئے ۔ تاہم سوسائٹیز کی جانب سے نئے زونل نظام کے تحت ہی تقررات کرنے کی حکومت کو تجاویز روانہ کی گئی ہیں ۔ ان جائیدادوں پر تقررات کے بعد محکمہ پولیس کے بعد ریسیڈنشیل اسکولس میں زیادہ تقررات کرنے کا حکومت کو اعزاز حاصل ہوگا ۔ ریاست میں 970 ریسیڈنشیل اسکولس خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ جس میں میناریٹی اور بی سی ریسیڈنشیل سوسائٹیز کے حدود میں 485 اسکولس ہیں ۔ بی سی ریسیڈنشیل سوسائٹی کے حدود میں مختلف زمروں میں 5387 جائیدادییں مخلوعہ ہیں ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے حدود میں 1250 سے زائد لکچرارس کی جائیدادیں دستیاب ہونے والی ہیں ۔ اس کے علاوہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی سوسائٹیز میں ماضی میں تقررات نہ ہونے والے لینگویج پنڈت ، پی ای ٹیز اور دیگر زمروں کے 1200 جائیدادیں ہیں ۔ انتظامی امور کی جائیدادوں کے علاوہ ایس سی ، ایس ٹی ریسیڈنشیل اسکولس کے لیے اضافی تدریسی عملہ کے ساتھ جملہ 10 ہزار سے زائد مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ نئے صدارتی حکمنامہ کی اجرائی سے قبل حکومت نے ریسیڈنشیل اسکولس میں 7 ہزار سے زائد جائیدادوں کو منظوری دے دی ہے ۔ ان پر تقررات کرنے کا بورڈ کی جانب سے جائزہ لیا ہی جارہا تھا مگر نئے زونل نظام پر حکومت نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی ۔ حکومت کی جانب سے اس مسئلہ پر قطعی احکامات کی اجرائی کے بعد تقررات کے عمل کا آغاز کردیا جائیگا ۔۔ ن