ملازمین تنظیموں کی قرار داد کی نقل چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حوالے کردی گئی
حیدرآباد 3 ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری ملازمین نے ریاست میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے حکومت ایک یوم کی تنخواہ عطیہ کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ملازمین کی تنظیموں کی جانب سے قرار دادیں منظور کی گئیں۔ ان قرار دادوں کی نقل چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حوالہ کرتے ہوئے اپنے جذبۂ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا ۔ ملازمین کی تنظیموں کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری ملازمین نے کھمم‘ محبوب آباد‘ ورنگل اور سوریہ پیٹ میں سیلاب کی تباہی سے نمٹنے حکومت کے راحت کاری کاموں میں اپنا حصہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام ملازمین کی ایک یوم کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کو مکتوب میں ملازمین نے کہا کہ حکومت کے راحت کاری کاموں میں حصہ لینے کے مقصد سے ملازمین نے ایک یوم کی تنخواہ حوالہ کرنے کافیصلہ کیا جو کہ 130کروڑ روپئے ہوتی ہے۔ تلنگانہ میں آئی اس تباہی پر حکومت سے تباہ حال مکینوں کی بازآبادکاری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مختلف گوشوں سے سیلاب کے متاثرین کی امداد کیلئے لوگ آگے آرہے ہیں ایسے میں سرکاری ملازمین نے اپنے طور پر فیصلہ کیا کہ وہ بھی مشکل کی اس گھڑی میں تباہ حال عوام جو سیلاب کے نتیجہ میں بے گھر ہوئے ہیں ان کی مدد کی جائے اور ان کی باز آبادکاری میں اپنا حصہ ادا کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے ذمہ داروں نے آج محبوب آباد میں ملاقات کرکے انہیں قرارداد کی نقل حوالہ کی اور کہا کہ وہ اس قرار داد کو حکومت کو بھی روانہ کررہے ہیں تاکہ آئندہ ماہ جاری کی جانے والی ملازمین کی تنخواہ میں ایک یوم کی تنخواہ منہاء کرکے جاری کی جاسکے۔3