ہڑتال سے مایوس نہ ہونے اور خود کشی نہ کرنے کی اپیل ، اشوتھما ریڈی کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ٹی ایس آر ٹی سی کے ہڑتالی ملازمین نے اپنے احتجاج میں شدت لاتے ہوئے آج ریاست بھر میں ’ بس روکو ‘ احتجاج کیا ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر یہ احتجاج کیا گیا ۔ ملازمین کے لیڈر اشوتھما ریڈی نے اپنے مطالبات کی تائید میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی ہے ۔ آر ٹی سی ملازمین نے 5 اکٹوبر سے اپنی ہڑتال کا آغاز کیا ۔ آج انہوں نے بس روکو احتجاج کے حصہ کے طور پر کئی بسوں کو روک دیا ۔ آر ٹی سی ملازمین اور اپوزیشن کارکنوں نے اپنی ریالیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ بیٹھے رہو اور دیگر طریقوں سے احتجاج کررہے ہیں ۔ ہڑتالی ملازمین کے لیڈر اشوتھما ریڈی نے دعویٰ کیا کہ شہر میں یونین آفس پر انہیں بھوک ہڑتال شروع کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ اس لیے انہوں نے اپنے ہی گھر میں ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا انہوں نے ہڑتالی ملازمین سے اپیل کی کہ وہ دل برداشتہ نہ ہوں اور نہ ہی خود کشی کرنے جیسے انتہائی اقدام کریں ۔ ہرتال کے طول پکڑنے پر احتجاجی ملازمین کو مایوس نہیں ہونا چاہئے ۔ ایک دن حکومت حود مسائل کو حل کرنے کے لیے یونینوں کو بات چیت کے لیے مدعو کرے گی ۔ پولیس کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ بس روکو احتجاج پرامن رہا اور کوئی بڑا مسئلہ پیدا نہیں ہوا ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا کسی بھی لیڈر کو گرفتار کر کے نظر بند کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض قائدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ احتجاج ختم کردیں ۔ حیدرآباد پولیس نے امتناعی احکام نافذ کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کیا ہے ۔ ہر ایک بس ڈپو سے 500 میٹرس تک اور بس بھون کے اطراف عوام کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی ہے ۔ سی پی آئی ایم پی کیرالا بنوے دستورس آج حیدرآباد پہونچے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کے لیڈر مراجی ریڈی سے ملاقات کی ہے انہیں پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تھا وہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کا مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے ۔۔