ریاست کے ہر بلدیہ کو ترقی کی سمت لے جانے کا عہد

   

متحدہ عادل آباد میں انتخابی مہم سے مشیر حکومت سدرشن ریڈی و دیگر کا خطاب، کانگریس کو کامیاب کرنے کی اپیل
نرمل۔ 8؍فروری (جلیل ازہر کی رپورٹ)۔ متحدہ ضلع عادل آباد میں بلدی انتخابات کی سرپرستی حکومت کے مشیر پی سدرشن ریڈی کررہے ہیں جو بودھن کے رکن اسمبلی ہیں۔ انھوں نے صدرنشین اُردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان کے ہمراہ مسلسل متحدہ ضلع عادل ااباد میں بلدی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے لئے اپنی سیاسی طاقت پوری شدت کے ساتھ جھنک دی۔ ایک ہی دن میں عادل آباد خانہ پور اور رات دیر گئے تک نرمل میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے مقامی قائدین کے ہمراہ یہ دونوں قائدین تمام طبقات تک اس بات کو لے کر پہنچ رہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی مستحکم قیادت نے ریاست کے تمام طبقات کی یکساں ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہر انتخابی وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے حکومت آگے بڑھ رہی ہے جب کہ سابق حکومت نے نئی بلدیات کی تشکیل کردی۔ تاہم کسی قسم کے کوئی فنڈس مہیا نہیں کئے گئے۔ ہم تمام طبقات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کانگریس کی شاندار کارکردگی کے تناظر میں متحدہ ضلع کے تمام بلدیات میں کانگریس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں۔ ان کے ہمراہ سابق وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی، پی سی سی کے ضلع مبصر چندرا شیکھر گوڑ و دیگر موجود تھے۔ بعد ازاں حلقہ اسمبلی خانہ پور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی سدرشن ریڈی مشیر ریاستی حکومت نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس سوائے تنقیدی بیانات کے اور کچھ نہیں جب کہ ریاستی حکومت اقتدار سنبھالتے ہی خواتین کو مفت بس سرویس مہیا کی جن میں آج بھی کاگنریس پارٹی کو لے کر جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ریاست تلنگانہ کو سنہری تلنگانہ کی شکل دینے اور ریاست کی ہر بلدیہ کو ترقی کی سمت لے جانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔ اس موقع پرطاہر بن حمدان نے بھی کانگریس کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس پریس کانفرنس میں رکن اسمبلی خانہ پور ویڈما بوجو، سابق وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی، پی سی سی کے ضلع مبصر چندرا شیکھر گوڑ، اقلیتی قائد یوسف احمد خان اور دیگر موجود تھے۔