ریاست کے ہر ضلع میں بیت المعمرین کے قیام پر حکومت کا غور

   

Ferty9 Clinic

بے سہارا ضعیفوں کو ٹھکانہ فراہم کرنا اصل مقصد ۔ وزیر بہبود مسٹر کے ایشور کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔9جولائی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے ہر ضلع میں بیت المعمرین کے قیام کا جائزہ لیا جائے ۔ ریاستی وزیر برائے بہبود مسٹر کے ایشور نے آج عہدیدارو ںکے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے منصوبہ اور خواہش کے مطابق تمام اضلاع میں بیت المعمرین کے قیام کے اقدامات کا جائزہ لیں تاکہ ریاست میں بے سہارا ضعیفوں کو سہارا فراہم کیا جاسکے۔ مسٹر کے ایشور نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سماج کے ہر طبقہ کی ترقی و فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت ابتداء سے ہی ضعیفوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانے کی کوشش کرتی آئی ہے ۔ اب کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کو اس بات کا یقین دلایا جائے کہ وہ بے سہارا نہیں ہیں بلکہ حکومت ان کا سہارا بننے تیار ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے وظیفہ پیرانہ سالی کی رقم میں اضافہ کرکے ان کے اپنوں کے درمیان ضعیفوں کی قدر و منزلت میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا لیکن اب چیف منسٹر کی عین خواہش کے مطابق ریاست کے ہر ضلع میں بے سہارا ضعیفوں کی نگہداشت کیلئے بیت المعمرین کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا جہاں انہیں طبی خدمات کے علاوہ وقت گذاری کی سہولتیں بھی فراہم کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ کے ایشور نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تمام طبقات کی ترقی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں او ر اس کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں ۔ اب محکمہ بہبود کی جانب سے بیت المعمرین کے علاوہ ضلع میں بیت المعذورین کے قیام کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے جو منفرد منصوبہ ثابت ہونے کا امکان ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ جو لوگ خود کو بے سہارا محسوس کر رہے ہیں حکومت تلنگانہ ان میں احساس خود اعتمادی پیدا کریگی اور ان میں احساس پیدا کریگی کہ حکومت ان کا سہارا ہے اور حکومت انہیں بے سہارا ہونے نہیں دیگی۔بتایاجاتا ہے کہ انہوں نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ تمام ضلع کلکٹرس سے رابطہ کرکے اس سے سلسلہ میں تجاویز تیار کریں اور جلد سفارشات پر مشتمل رپورٹ کی تیاری کے ساتھ دوبارہ ملاقات کریں تاکہ منصوبہ کو قطعیت دینے کے بعد اسے چیف منسٹر اور کابینہ کی منظوری دلوائی جا سکے ۔