ریاست کے ہر گاؤں میں دودھ پروڈکشن کمیٹی قائم کی جائے گی : نتیش کمار

   

پٹنہ۔ 7 فروری (یو این آئی) بہار کے وزیرِاعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ ’’سات نشچئے -3 کے تیسرے عزم کرشی میں پرگتی ۔ پردیش میں سمردھی کے تحت ڈیری صنعت کو فروغ دینے کے لیے ریاست کے ہر گاؤں میں دودھ پروڈکشن کمیٹی قائم کی جائے گی، تاکہ مویشی پروروں کو دودھ کی مناسب قیمت مل سکے ۔وزیرِاعلیٰ نے مویشی پروروں کی آمدنی بڑھانے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اس بڑے فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ریاست کے کل 39,073 گاؤں میں سے 25,593 گاؤں میں پہلے ہی دودھ پروڈکشن کمیٹیاں قائم کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی تمام گاؤں میں آئندہ دو برس کے دوران کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت محکمۂ مویشی و ماہی پروی کو دی گئی ہے ۔ اس سے مویشی پروروں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور ریاست میں دودھ کی دستیابی بڑھے گی۔ نتیش کمار نے کہا کہ “سات نشچئے -2” کے تحت ریاست کے تمام بلاکس میں سدھا دودھ فروخت مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور اب “سات نشچئے -3” کے تحت ریاست کی تمام پنچایتوں میں بھی سدھا دودھ فروخت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی 8053 پنچایتوں میں سے 100 میں پہلے ہی سدھا مراکز قائم ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 7953 پنچایتوں میں مالی سال 2026-27 کے اختتام تک یہ مراکز کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنچایتوں میں کھلے نئے سدھا دودھ مراکز کو ترجیحی بنیادوں پر وزیرِاعلیٰ خاتون روزگار اسکیم کے تحت “جیویکا دیدیوں” کو الاٹ کیا جائے گا، جس سے دیہی علاقوں میں خواتین کی کاروباری صلاحیت کو فروغ ملے گا۔و