ریاست کے 10 اضلاع میں کورونا کا اثر برقرار

   

عہدیداروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دورہ کرنے کی ہدایت دی، خصوصی حکمت عملی تیار
حیدرآباد: ریاست میں مجموعی طور پر کورونا کیسوں میں معمولی کمی آئی ہے مگر 10 اضلاع میں شدت برقرار ہے۔ اپریل کے پہلے ہفتہ سے مئی دوسرے ہفتہ تک کورونا کیسوںمیں زبردست اضافہ ہوا تھا۔ گزشتہ دو ہفتوں سے اس کا اثر کم ہورہا ہے ۔ کورونا کی پہلی لہر سے ہی حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، میڑچل ، ملکاجگری میں دیگر اضلاع کی بہ نسبت زیادہ کیسوںکا اندراج ہوا ہے ۔ ریاست کے 20 اضلاع میں کورونا کا اثر کم ہوا ہے ۔ تاہم مابقی 10 اضلاع میں اوسطاً یومیہ 100 سے زائد نئے کیس درج ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 10 اضلاع میں کورونا کو معاملت کو گھٹانے جنگی خطوط پر اقدامات کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ عہدیداروں کو ضرورت پر چند اضلاع کا دورہ کرکے زمینی سطح کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ حکومت سے گھر گھر فیور سروے کے مثبت نتائج برآمد ہوئے جس میں 3 لاکھ سے زائد افراد میں کور ونا علامتوں کی نشاندہی کی گئی اور ان میں میڈیسن کٹس تقسیم کئے گئے ۔ محکمہ صحت کی چیف منسٹر کو پیش رپورٹ میں بتایا گیا کہ 20 اضلاع میں یومیہ اوسطاً 30 تا 50 کیس درج ہورہے ہیں۔ دوسری جانب عادل آباد ، کاما ریڈی ، نارائن پیٹ ، نرمل اور دوسرے اضلاع میں یومیہ 20 سے کم کیس درج ہورہے ہیں ۔ جن 10 اضلاع میں کیس زیادہ ہیں ، وہاں اسکی روک تھام کیلئے خصوصی منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے ۔ بالخصوص کووڈ آؤٹ پیشنٹ خدمات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کورونا سے متاثر افراد کو علحدہ رہنے کی سہولت نہ ہونے پر مقامی اسکولس میں انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ ان اضلاع میں کورونا ٹسٹوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ۔ تعطیلات میں بھی ریاست بھر میں 50 تا 60 ہزار ٹسٹ کی ہدایت دی گئی ۔ ہیلت سکریٹری رضوی اور ہیلت ڈائرکٹر جی سرینواس راؤ کو اضلاع نلگنڈہ ، کھمم اور سوریا پیٹ کا ہیلی کاپٹر سے دورہ کرکے مقامی عہدیداروں سے اجلاس میں جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔