ریاست کے 18 اضلاع میں ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کرنے کی تجویز

   

سنٹرس کے مثبت نتائج پر حکومت کا فیصلہ ، ایٹالہ راجندر وزیر صحت
حیدرآباد :۔ وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ آئندہ ماہ اپریل تک ریاست کے 18 ضلعی ہیڈکوارٹرس کے سرکاری ہاسپٹلس میں ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ حیدرآباد اور سدی پیٹ میں عصری ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں 60 اقسام کے ٹسٹ کرائے جارہے ہیں ۔ ریاستی حکومت نے غریب عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ریاست بھر میں ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کررہی ہے ۔ پہلے مرحلے میں ہی مرض کی نشاندہی کے لیے یہ ڈائیگناسٹک سنٹرس معاون و مددگار ثابت ہوں گے ۔ نارائن گوڑہ میں عصری تقاضوں سے لیس ڈائیگناسٹک سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ 325 مراکز میں بستی دواخانے ، اربن پی ایچ سیز سے نمونے حاصل کرتے ہوئے نارائن گوڑہ کو روانہ کرتے ہوئے آن لائن میں رپورٹ پیش کی جارہی ہے ۔ یومیہ 5 ہزار نمونوں کا ٹسٹ کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے ان لیابس سے حاصل ہونے والے رپورٹس کے نتائج کی بنیاد پر ڈائیگناسٹک سنٹرس کو اضلاع میں توسیع دینے کا مصنوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ حکومت نے اضلاع سدی پیٹ ، کریم نگر ، کتہ گوڑم ، آصف آباد ، کھمم ، سنگاریڈی ، جنگاؤں ، نظام آباد ، محبوب نگر ، عادل آباد ، میدک ، جگتیال ، گدوال ، محبوب آباد ، ملگو ، سرسلہ اور نلگنڈہ میں ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سدی پیٹ ایسا ضلع ہے جہاں ڈائیگناسٹک سنٹر کی خدمات پہلے سے دستیاب رکھی گئی ہے ۔۔