3829 متاثرین زیر علاج ، 1.12 کروڑ عوام کو کورونا ٹیکے دئیے گئے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ریاست کے 18 اضلاع میں اتوار کو 10 سے کم کورونا کے کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ ڈائرکٹر ہیلت جی سرینواس راؤ نے پھر بھی غفلت اور لاپرواہی نہ برتنے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اتوار کو ریاست بھر میں کورونا کے جملہ 83,763 ٹسٹ کئے گئے ۔ جس میں 455 پازیٹیو کیسیس برآمد ہوئے اور تین اموات ہوئی ۔ جس سے ریاست میں مرنے والوں کی جملہ تعداد بڑھ کر 3805 ہوگئی ہے ۔ 648 افراد کورونا سے مکمل صحت یاب ہوئے ہیں ۔ فی الحال ریاست میں 8873 سرگرم کیسیس ہیں ۔ سب سے زیادہ حیدرآباد میں 77 کریم نگر میں 35 کھمم میں 41 کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ ریاست بھر میں سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں جملہ 3829 کورونا کے مریض زیر علاج ہیں ۔ جن میں 1693 متاثرین آکسیجن پر 1319 آئی سی یو اور وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں ۔ ڈائرکٹر ہیلت جی سرینواس راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کی وبا کنٹرول میں ہے اس پر مکمل قابو پانے کے لیے عوام حکومت سے مکمل تعاون کریں۔ تھوڑی سی بھی غفلت اور لاپرواہی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر ابھی پوری طرح ختم نہیں ہوئی ہے۔ تاحال ریاست میں 1.12 کروڑ افراد کو کورونا ٹیکے دئیے گئے ہیں ۔۔