ریاست کے 3 اضلاع میں 100 فیصد راشن پورٹیبلٹی

   

تلنگانہ میں باریک چاول تین ماہ کا کوٹہ 94.62 فیصد ریکارڈ سطح پر تقسیم
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ملک میں کہیں بھی راشن کارڈ ہو رہائشی علاقوں کے راشن کارڈس سے راشن حاصل کرنے کے لیے ’ راشن پورٹیبلٹی ‘ سہولت فراہم کرنے کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ ماہ جون میں چاول کی تقسیم بالخصوص اضلاع حیدرآباد ۔ رنگاریڈی اور میڑچل میں اس پورٹیبلٹی کا 104-116 فیصد اندراج ہوا ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان متذکرہ تین اضلاع میں راشن کارڈس کی تعداد کے مقابلے زیادہ لوگوں نے چاول حاصل کیا ہے ۔ دوسری جانب تین ماہ کا راشن ایک ساتھ تقسیم کرنے کے تناظر میں ماہ جون میں چاول کی تقسیم ریکارڈ سطح پر کی گئی ہے ۔ سال 2024 میں چاول کی اوسط تقسیم 89 فیصد تھی جون 2025 میں اس کی تعداد بڑھ کر 94.62 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے ریاست میں اُگادی یعنی یکم اپریل سے راشن شاپس سے باریک چاول تقسیم کرنے کا آغاز کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے راشن شاپس سے چاول حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ جون میں تین ماہ ( جون ۔ جولائی ۔ اگست ) کا ایک ساتھ چاول تقسیم کیا گیا ہے ۔ اس سہولت سے 94.62 فیصد عوام نے بھر پور فائدہ اٹھایا ہے ۔ ریاست میں سب سے زیادہ راشن پورٹیبلٹی ضلع میڑچل ملکاجگری میں 116.52 فیصد ہوئی ہے ۔ اضلاع سے لوگ روزگار کے لیے شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع رنگاریڈی اور میڑچل کو منتقل ہورہے ہیں جس کی وجہ سے رنگاریڈی اور میڑچل کو منتقل ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ان تینوں اضلاع کو مختص کردہ سے زیادہ عوام نے چاول حاصل کیا ہے ۔ دوسری جانب اضلاع ونپرتی ، ناگر کرنول اور محبوب نگر میں راشن کی تقسیم بالترتیب 82.09 ، 81.98 ، 81.28 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ان اضلاع کے لوگ روزگار کے لیے دیگر مقامات کو منتقل ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عوام نے راشن کا چاول کم لیا ہے ۔۔ 2