ریاست کے 50 بلدیات میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل اوری کی ہدایت

   

شہری علاقوں میں عوام کی آمد و رفت میں اضافہ سے کورونا وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے
حیدرآباد۔7اپریل(سیاست نیوز) ریاست کی تمام 50بلدیات میں حکومت کی جانب سے سختی سے لاک ڈاؤن پر عمل آوری کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ دودھ اور ترکاریوں کے لئے بھی شہریوں کی آمد و رفت پر تحدیدات عائد کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کیونکہ ریاست تلنگانہ میں جو کورونا وائرس کے مریض پائے جا رہے ہیں ان میں بڑی تعداد شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کی ہے اور شہری علاقوں میں عوام کے تال میل کو روکنے کے علاوہ ان کو گھروں کی حد تک محدود کرنے کے اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انتظامیہ کو دی گئی ہدایات کے مطابق ریاست کے شہری علاقوں میں موجود بلدیات کے عہدیداروں کو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ ایک وارڈ سے دوسرے وارڈ میں داخل ہونے سے بھی شہریوں پر روک لگائیں کیونکہ دہلی سے جڑے ہوئے واقعات ریاست کے شہری علاقوں میں زیادہ پائے جانے لگے ہیں اور ان واقعات میں اضافہ سے روکنے کیلئے لازمی ہے کہ شہریوں کی آمد و رفت کے علاوہ چہل پہل کو بھی مکمل طور پر روکنے کے اقدامات کئے جائیں اور ان اقدامات پر مؤثر عمل آوری کیلئے اضافی پولیس فورس کی تعیناتی کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سوریہ پیٹ بلدیہ میں موجود 34وارڈس میں 14وارڈس کو کمشنر بلدیہ سوریہ پیٹ نے ریڈ زون قراردیا ہے اور ان ریڈ زونس میں کسی بھی طرح کی نقل و حرکت پر سختی سے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسی طرح عادل آباد‘ نلگنڈہ‘ نظام آباد‘ ورنگل ‘ کریم نگر‘ رنگاریڈی کے علاوہ شہر حیدرآباد میں بھی سختی کرنے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ شہریوں کی آمد ورفت کو محدود کرنے کیلئے دودھ یا ترکاری کے لئے باہر نکلنے والوں کو بھی روک دیا جائے اور انہیں گھروں میں رہنے کی تاکید کی جائے کیونکہ اگر ان متاثرہ علاقوں کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں اس وباء کے پھوٹ پڑنے کے خدشات ہیں اسی لئے ریاستی حکومت کی جانب سے تمام بلدیات میں سختی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکریٹری وزارت بلدی نظم و نسق کی جانب سے مسلسل ٹیلی کانفرنس اور ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہدایات جاری کی جا رہی ہیں اور کمشنران بلدیہ کو تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں صفائی کا خیال رکھنے کے علاوہ عوام کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لئے سخت گیر اقدامات کرتے ہوئے وباء کو پھیلنے سے روکیں۔