بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا فیصلہ، فائر این او سی پیش نہ کرنے پر کارروائی
حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2019-20 ء میں فائر این او سی پیش نہ کرنے پر ریاست کے 68 جونیر کالجس کا الحاق منسوخ کردیا ہے۔ اِن میں سری چیتنیہ کے 18 ، نارائنا 26 ، سری گائتری 8 ، این آر آئی 5 اور دیگر 11 کالجس شامل ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے سری چیتنیہ کے 18 کالجس کی فہرست جاری کی ہے جو شہر اور مضافاتی علاقوں میں موجود ہیں۔ یہ کالجس صرف 15 میٹر اور اُس سے بلند عمارتوں میں کام کررہے ہیں جہاں فائر سیفٹی کے کوئی انتظامات نہیں۔ یہ کالجس میاں پور، سیرلنگم پلی، دلسکھ نگر، ایل بی نگر، سرور نگر، دوارکاپورم، کوکٹ پلی، بالانگر ، ناگول، امیر پیٹ، ایس آر نگر، مہدی پٹنم اور نلہ کنٹہ میں موجود ہیں۔ نارائنا جونیر کالجس جن کا الحاق منسوخ کردیا گیا وہ کتہ پیٹ، سرور نگر، بالا نگر، کوکٹ پلی، بھاگیہ نگر، اوپل، میڑچل، گھٹکیسر، رنگاریڈی، مہدی پٹنم، سنتوش نگر، جوبلی ہلز، ایس آر نگر، حمایت نگر، نارائن گوڑہ، نلہ کنٹہ، تارناکہ اور ویسٹ ماریڈ پلی میں قائم ہیں۔ سری گائتری کے پٹن چیرو، سیر لنگم پلی، میڑچل، کوکٹ پلی، باچوپلی، گڈی ملکاپور اور ایس آر نگر کے جونیر کالجس کا الحاق منسوخ کیا گیا۔ دیگر کالجس جن کے الحاق منسوخ کئے گئے وہ کریم نگر، کھمم، نظام آباد، آرمور، نلگنڈہ، میڑچل، لکڑی کاپل اور لالہ پیٹ میں واقع ہیں۔