دفاتر کو ایک چھت کے تحت لانے کا منصوبہ، چیف منسٹر عنقریب افتتاح کریں گے
حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ضلع نظم و نسق کو عوام سے قریب کرنے کے مقصد سے حکومت نے تمام سرکاری دفاتر کو ایک چھت کے تحت لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ہر ضلع میں انٹگریٹیڈ ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کامپلکس تعمیر کئے جارہے ہیں اور اس عصری کامپلکس میں تمام محکمہ جات کے دفاتر موجود رہیں گے۔ ریاست میں 8 نئے کلکٹریٹس کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے جس کا عنقریب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر سے وقت مانگا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ دسہرہ فیسٹول کے دوران نئے کامپلکسوں کا افتتاح ہوگا۔ واضح رہے کہ نظام آباد، جگتیال، پدا پلی، محبوب نگر، ونپرتی، بھونگیر، جنگاؤں اور وقارآباد میں سکریٹریٹ کامپلکسوں کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے حال ہی میں ورنگل ( اربن ) ، سدی پیٹ، کاماریڈی اور سرسلہ میں کلکٹریٹس کا افتتاح انجام دیا۔ محکمہ آر اینڈ بی کے عہدیداروں کے مطابق چیف منسٹر دلت بندھو اسکیم کے آغاز کے بعد اس پر عمل آوری کی نگرانی کررہے ہیں جس کے باعث افتتاح میں تاخیر ہوئی۔ عہدیداروں کے مطابق سنکرانتی تک باقی اضلاع میں کلکٹریٹس کے تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ 2018 میں ضلع کلکٹریٹس کے تعمیری کاموں کا آغاز ہوا تھا۔ ضلع میں سرکاری دفاتر مختلف مقامات پر موجود ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کو دشواریاں پیش آرہی تھیں لہذا چیف منسٹر نے تمام دفاتر کو ایک چھت کے تلے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 28 کلکٹریٹس کی تعمیر پر 1500 کروڑ کے اخراجات کا منصوبہ ہے۔ 13 کلکٹریٹس کی عمارتوں کا کام مختلف مراحل میں ہے جبکہ کریم نگر، ملگ اور نارائن پیٹ میں تعمیری کام کا حال ہی میں آغاز ہوا۔ ہر کلکٹریٹ کامپلکس دیڑھ لاکھ مربع فیٹ سے زائد احاطہ پر مشتمل رہے گا اور ہر عمارت پر 50 تا 60 کروڑ کے اخراجات ہوں گے۔ کامپلکس میں عوام کیلئے ویٹنگ روم، آڈیٹوریم، کانفرنس ہال، پارکنگ، ٹائیلٹس اور عصری کمیونکیشن آلات فراہم کئے جائیں گے۔ کامپلکس میں وی آئی پیز کیلئے ہیلی پیاڈ تعمیر کیا جائے گا۔R