ریاست کے 9 اضلاع میں کے سی آر نیوٹریشن کٹس پر عمل آوری: ہریش راؤ

   

سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتیں، 13 لاکھ استفادہ کنندگان پر 1387 کروڑ کا خرچ
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے بتایا کہ جاریہ سال اپریل سے 9 اضلاع میں کے سی آر نیوٹریشن کٹ اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کے سی آر کٹ اسکیم پر عمل آوری کی تفصیلات سے وزیر نے ارکان کو واقف کرایا ۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر کٹ اسکیم متعارف کرنے کے بعد سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اسکیم کے تحت 2 جون 2017 ء سے اب تک 13 لاکھ 29 ہزار 951 استفادہ کنندگان میں کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اسکیم پر 1387 کروڑ 19 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ سے متعلق مراکز اور نو مولود بچوں کے تحفظ کے مراکز کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ خواتین کی بھلائی اور ترقی کیلئے حکومت نے کئی اسکیمات شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کی شرح میں 30 سے 54 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ خواتین سرکاری دواخانوں میں علاج کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں ہر ایک لاکھ میں سے 94 حاملہ خواتین فوت ہوتی تھیں لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہ تعداد گھٹ کر 63 ہوچکی ہے۔ نومولود بچوں کی اموات کی شرح میں بھی کافی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا ہے ۔ ریاست میں 23 نئے ماں اور بچے کے تحفظ سے متعلق مراکز قائم کئے گئے ۔ نیوٹریشن کٹ اسکیم سے بہتر نتائج برآمد ہوئے جس کے تحت حاملہ خواتین کو صحت بخش غذائی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔ ہریش راؤ کے مطابق آصف آباد ، عادل آباد ، بھوپال پلی ، کتہ گوڑم ، کاما ریڈی ، وقار آباد ، گدوال ، ناگر کرنول اور ملگ اضلاع میں نیوٹریشن کٹ اسکیم پر عمل آوری جاری ہے۔ ر