ریاست گجرات میں موسلادھار بارش سے افراتفری

   

احمد آباد: گجرات کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے ملی جانکاری کے مطابق گجرات کے مختلف حصوں سے اب تک بارش سے متعلق کل 20 لوگوں گی موت ہوئی ہے۔

تمام اموات اتوار کو ریاست میں غیر موسمی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی۔ ایس ای او افسر نے بتایا کہ داہود ضلع میں چار، بھروچ میں تین، تاپی میں دو اور احمد آباد، امریلی، بناسکانٹھا، بوٹاڈ، کھیڑا، مہسانہ، پنچ محل، سابر کانٹھا، سورت، سریندر نگر اور دیو بھومی دوارکا میں ایک ایک کی موت ہوئی۔

مرکزی وزیر امیت شاہ نے اتوار کی رات ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا، “گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے سے کئی لوگوں کی موت کی خبر سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ میں ان لوگوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس سانحہ میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔انڈیا کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ پیر کو بارش کی سرگرمیاں کم ہونے کا امکان ہے۔