ریاض 10 اکٹوبر ( ایجنسیز ) سعودی عرب کے ریاض ائرپورٹ کو آج ایک بار پھر حملے کا نشانہ بنایا گیا اور ائرپورٹ کا تخلیہ کردیا گیا ۔ دو علاقائی عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ دو دن قبل اس ائرپوٹ پر حملے میں تین سعودی شہریوں بشمول ایک پائلٹ کی موت ہوگئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ آج مسافر ٹرمنل کو ایک میزائیل حملے کا نشانہ بنایا گیا اور اس حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ اطلاع دی اور کہا کہ ائرپورٹ کی سمت کئی ایمبولنس گاڑیوں کو دوڑتے دیکھا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاض آنے والی پروازوں کا رخ دوسرے ائرپورٹس کی سمت موڑ دیا گیا ہے ۔ کئی گھنٹوں تک ریاض ائرپورٹ پر کوئی پرواز نہیں آئی ہے ۔ کویت ائرویز نے کہا کہ وہ ریاض کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر رہے ہیں کیونکہ ائرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے ۔ کنیڈا کے سفارتخانہ نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ائرپورٹ تک سفر سے گریز کریں کیونکہ وہاں فوجی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں شاہ خالد انٹرنیشنل ائرپورٹ کو کئی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیوں کے آعاز کے بعد سے یہ حملے کئے جا رہے ہیں۔ حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر ہوئے سابقہ حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ آج ائرپورٹ پر کئے گئے حملوں کے تعلق سے حوثیوں کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے ۔