ریاض ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان آل سعود نے آئندہ “ریاض انٹرنیشنل بْک فیئر” کے انعقاد کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ کتابوں کی یہ بین الاقومی نمائش آئندہ برس 2 اپریل سے 11 اپریل تک ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں ہو گی۔یہ پہلا موقع ہے جب ریاض انٹرنیشنل بْک فیئر کے انتظام و انصرام کی مکمل ذمے داری سعودی وزارت ثقافت کے ہاتھوں میں ہو گی۔وزارت ثقافت نے نمائش کے انتظامات رواں سال اپریل سے شروع کر دیے تھے جب وزیر ثقافت شہزادہ بدر نے ڈاکٹر عبدالرحمن العاصم کو نمائش کا ڈائریکٹر مقرر کیا۔وزارت ثقافت کے سرکاری ترجمان عبدالکریم الحمید کے مطابق آئندہ نمائش کو وزیر ثقافت کی جانب سے خصوصی توجہ حاصل ہے اور سابقہ نمائشوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر نظر آئے گی۔ریاض انٹرنیشنل بْک فیئر عرب دنیا میں ایک اہم ترین نمائش کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ اس میں ہر سال 5 لاکھ سے زیادہ افراد آتے ہیں اور 500 سے زیادہ عرب اور عالمی پبلشرز شریک ہوتے ہیں۔