ریاض : سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے ہندوستانی دارالحکومت دہلی جانے والی ہندوستانی نجی ایئرلائن کی پرواز میں مسافر کا انتقال ہوگیا، جس کے باعث طیارے نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ہندوستانی پرائیوٹ ہوائی کمپنی گو ائیر کی پرواز جی او ڈبلیو 6658 آج شام ریاض سے دہلی جا رہی تھی کہ طیارے میں سوار ایک ہندوستانی مسافر محمد نوشاد کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر جہاز کو ہنگامی طور پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ مسافر محمد نوشاد کو طبی امداد دینے کیلئے ائیرپورٹ ڈاکٹر کو طلب کیاگیا۔ڈاکٹر وں نے آخر تک کوشش کی لیکن علاج کے دوران ان کا انتقال ہوگیا۔