ریاض :سعودی وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی فیصل بن فاضل الابراہیم نے کہا ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کا خصوصی اجلاس مشترکہ خوشحالی کے حصول کیلئے اہم ثابت ہوگا۔ ریاض میں 28 اور 29 اپریل کو ورلڈ اکنامک فورم کا اجلاس ہوگا ۔ اجلاس سے قبل آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا فورم کے انعقاد سے عالمی سطح پرمعاشی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔ ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کا عنوان ’بین الاقوامی تعاون اورترقی کیلئے توانائی کی اہمیت‘ ہے۔اس حوالے سے فورم میں ایک ہزار سے زائد متعدد ممالک کے سربراہان اوراور اعلی حکام و اہم شخصیات شرکت کررہے ہیں۔فورم میں 92 ممالک کے سرکاری و نجی شعبے و تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے اہم رہنما و مفکرین بھی مدعو ہیں جو فورم میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ واضح رہے اس خصوصی اجلاس کا مقصد عالمی مذاکرات کی حمایت اور پیچیدہ اقتصادی بحرانوں اور دنیا کو مختلف حوالوں سے درپیش چیلنجوں سے نکلانے کیلئے ان کے مثبت اورٹھوس حل کو سامنے لانا ہے۔