ریاض میں جعلی میڈیکل اسناد بنانے والا گروہ گرفتار

   

ریاض ۔ ریاض پولیس نے جعلسازی کے جرائم میں ملوث تین افراد کو گرفتارکیا ہے۔ ملزمان جعلی میڈیکل سرٹیفیکیٹ تیار کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے رقم اور جعلسازی میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس کے معاون ترجمان میجر خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ جعل سازی کے جرم میں 3 افراد کوگرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان میں 2 سعودی اور ایک غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم یمنی شامل ہے۔ گروہ نے ریاض کے محلے عزیزیہ کے ایک رہائشی فلیٹ کو میڈیکل لیب اور جعلی میڈیکل رپورٹیں تیارکرنے کے لئے مرکز کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ جعل ساز گروہ جعلی طبی سرٹیفکیٹ بنا کر انہیں بھاری قیمت میں فروخت کرتے تھے۔ ان کے قبضے سے جعلسازی میں استعمال ہونے والاکمپیوٹر، پرنٹر اور دیگر اشیا کے علاوہ ایک لاکھ ریال بھی برآمد ہوئے۔خالد الکریدیس نے مزید کہا کہ تینوں ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔ وہ عمر کے دوسرے اور تیسرے دہے میں ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔