ریاض میں یوم آزادی تقریب

,

   

ریاض (کے این واصف ) : دنیا میں کورونا کی وباء کی وجہ سے پچھلے مارچ سے جیتنے بھی عید ، تہوار آئے وہ سب روایتی جوش و خروش سے نہیں منائے جاسکے ۔ اسی طرح اس بار یوم آزادی ہند تقریب بھی حسب سابق عوامی سطح پر نہیں منائی گئی ۔ سفارتخانہ ہند ریاض میں 74 ویں یوم آزادی تقریب بھی ایک مختصر اجتماع کے ساتھ منعقد کی گئی ۔ سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید ، مسز فرح سعید ، سفارتخانہ میں فوجی اتاشی کرنل ایس ناگپال کے ہمراہ ایمبسی احاطہ میں مقام تقریب پر پہنچے۔ سفیرہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے 8:30 بجے قومی ترنگا لہراکر تقریب کا آغاز کیا ۔ قومی ترانے کے بعد سفیرہند نے صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کا قوم کے نام خطاب پڑھ کر سنایا ۔ اُنھوں نے صدر کے خطاب کا پہلے کچھ حصہ ہندی زبان میں اور پھر انگریزی میں پڑھا ۔ اپنے مختصر خطاب میں ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتایا کہ وندے بھارت مشن کے تحت سعودی عرب سے جملہ 80 ہزار ہندوستانی تارکین وطن وپس بھیجے گئے ۔ یہ وہ ہندوستانی تھے جنھیں کچھ ناگہانی حالات کی وجہ سے وطن واپس ہونا ضروری تھا ۔ سفیرہند نے اس وباء کے دوران ضرورتمند ہندوستانی باشندوں کے لئے سفارتخانہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا مختصر جائزہ پیش کیا ۔ اس سال کورونا وباء کے پیش نظر صرف مدعو حضرات ہی کو داخلے کی اجازت تھی ۔ لاعلمی کی وجہ سے ہندوستانی کمیونٹی کے افراد کی ایک بڑی تعداد ایمبیسی پر جمع ہوئی مگر اُنھیں تقریب میں شرکت کاموقع نہیں مل سکا اور وہ مایوس لوٹ گئے ۔