ریاض کاجلد دنیا کے 10 بڑے شہروں میں شمارہوگا: ولیعہد

   

ریاض : سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دارالحکومت الریاض کو دنیا کے معاشی اعتبار سے دس بڑے شہروں میں شامل کرنے کے لیے ایک وسیع تر حکمت عملی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ الریاض کو جدید ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پرعمل درآمد کیا جائے گا۔وہ جمعرات کو الریاض میں منعقدہ مستقبل سرمایہ کاری اقدام کانفرنس کے دوسرے روز اظہار خیال کررہے تھے۔’’نشآثانیہ نو‘‘ کے عنوان سے اس دو روزہ کانفرنس میں دنیا کے 94 ممالک سے تعلق رکھنے والے 8000 وفود یا نمایندوں نے بہ نفس نفیس یا آن لائن شرکت کی ہے۔سعودی ولی عہد نے فورم میں سعودی عرب کے ویڑن 2030ء کے تحت الریاض اورخطے بھر کے لیے حکمتِ عملی سے متعلق تفصیل سے اظہارخیال کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ الریاض میں دنیا کے سب سے بڑے صنعتی شہر کے قیام کے لیے بھی ایک بڑے منصوبہ کا اعلان کیا جائے گا۔شہزادہ محمد نے کہا:’’الریاض کے شہری ڈھانچے کو ترقی دی جائے گی اورشہریوں کے معیارِزندگی کو بہتر بنایاجائے گا تاکہ اس کو دنیا کے دس بڑے شہروں میں شمار کیا جاسکے۔