حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے پھر ایک مرتبہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 28 ڈسمبر کو گاندھی بھون سے ریالی کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ واضح رہے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کمشنر پولیس نے کل ریالی کی اجازت سے انکار کردیا تھا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ریالی کی صورت میں ٹریفک میں کوئی خلل نہیں ہوگا۔ پولیس سے خواہش کی گئی کہ وہ ریالی کی روٹ کا خود انتخاب کریں۔ کسی نعرے بازی کے بغیر خاموشی سے ریالی منظم کی جائے گی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو روانہ کردہ مکتوب میں اتم کمار ریڈی نے ٹیلی فون پر ہوئی بات چیت کا حوالہ دیا اور کہاکہ جوائنٹ کمشنر پولیس حیدرآباد نے کل مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریالی کی اجازت سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی بھون تا امبیڈکر مجسمہ ٹینک بنڈ کے بجائے کسی اور روٹ پر اجازت دی جائے تو کانگریس اس کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریالی کی صورت میں ٹریفک اور عوامی زندگی متاثر نہیں ہوگی اور کوئی نعرے بازی نہیں کی جائے گی۔