پریتی کی خودکشی کے بعد حکومت سخت کارروائی کرنے پر غور کررہی ہے، میڈیکوز کے ڈیوٹی اوقات پر نظرثانی
حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے میڈیکل طالبہ پریتی کی خودکشی کے تناظر میں ریاگنگ کے مسئلہ پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلبہ کا ریاگنگ کرنے کا ثبوت دستیاب ہوجانے پر ریاگنگ کرنے والے طالب علم کی میڈیکل نشست منسوخ کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ ریاگنگ کی روک تھام کیلئے ابھی تک کئی اقدامات کئے گئے ہیں باوجود اس کا سلسلہ ختم نہیں ہورہا ہے۔ سینئرس طلبہ جونیرس کے ساتھ ریاگنگ کررہے ہیں۔ پرنسپلس اور ایچ او ڈیز کی جانب سے کتنی مرتبہ انتباہ دینے کے باوجود سینئر طلبہ میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے۔ ایسے طلبہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر حکومت غور کررہی ہے۔ حال ہی میں گاندھی میڈیکل کالج میں جونیرس کی ریاگنگ کرنے والے سینئر میڈیکل طلبہ کو تین ماہ کیلئے معطل کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود سینئرس طلبہ میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی جارہی ہے۔ سینئرس طلبہ میں ڈر و خوف پیدا کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ محکمہ صحت نے میڈیکوز کی روزمرہ ڈیوٹی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ گھنٹوں ڈیوٹی پر تعین کرنے کے معاملے میں بھی ازسرنو جائزہ لے رہی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس مسئلہ کا گہرائی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص ہاؤز سرجنس، پی بیز، سینئر ریسیڈنٹس کو 36 تا 48 گھنٹوں تک ایک ساتھ ڈیوٹی دی جارہی ہے، جس سے چند طلبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں انہیں مکمل نیند نہیں ہورہی ہے۔ ساتھ ہی نیٹ پی جی کی بھی وہ تیاری کررہے ہیں۔ شادی ہونے والے میڈیکل طلبہ کو خاندانی ذمہ داریاں بھی نبھانی پڑ رہی ہے جس سے وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں۔ اس دباؤ کے دوران ان پر ریاگنگ کا گہرا اثر پڑرہا ہے۔ ڈاکٹر پریتی کے خودکشی واقعہ کے بعد محکمہ صحت سخت تنقیدوں کا شکار ہوا ہے۔ سسٹم میں غلطی کی وجہ سے پریتی کی زندگی ضائع ہوجانے کا عوام میں احساس پیدا ہوگیا ہے۔ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں اس کیلئے حکومت نے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی جیز، ایس آر، ہاؤز سرجنس کی ڈیوٹی کے معاملہ میں اہم فیصلہ کرنے کے امکانات ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیکل طلبہ کو شکایت کرنے کیلئے تمام مقامات پر شکایتی سیل قائم کیا جارہا ہے۔ چند مقامات پر ایسی سہولتیں دستیاب ہیں اس کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایچ او ڈیز کو شکایت نہ کرنے کی صورت میں شکایتی سیلس کو شکایت کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ن