جاریہ سیزن میں 59.32 لاکھ کسانوں کے بنک کھاتوں میں 7300کروڑ روپئے جمع ہونگے
حیدرآباد :۔ تلنگانہ حکومت نے 28 دسمبر سے ریاست میں ریتو بندھو اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے لیے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ ریاست کے 59.32 لاکھ کسانوں کے بنک کھاتوں میں 7300 کروڑ روپئے جمع کئے جائیں گے ۔ اس سیزن میں ہر ایک ایکڑ اراضی کے لیے کسانوں کو 5 ہزار روپئے کی سرمایہ کاری کررہی ہے ۔ گذشتہ سال 57.62 لاکھ کسانوں کو اس اسکیم سے فائدہ پہونچایا گیا تھا ۔ اس سیزن میں استفادہ کنندگان کی تعداد میں 1.70 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے ۔ ماضی میں جو تکنیکی مسائل تھے اس کو حل کرنے سے نئے پاس بکس حاصل کرنے والے کسانوں کو بھی ریتو بندھو اسکیم کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 27 دسمبر سے ہی ریتو بندھو اسکیم کے تحت سرمایہ کاری کسانوں کے بنک کھاتوں میں جمع ہونے کی ہدایت دی تھی تاہم 27 دسمبر کو اتوار ہونے کی وجہ سے اس اسکیم پر 28 دسمبر سے عمل کیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ بنکوں سے سرمایہ کاری نکالتے وقت کوویڈ 19 کے رہنمایانہ وصول پر سختی سے عمل آوری کریں ۔