ریت مافیاکا ریاکٹ بے نقاب، چھ افراد گرفتار

   

اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون اور گھٹکیسر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : فرضی دستاویزات اور سسٹم کو دھوکہ دینے والے ایک ریت مافیا کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا اور اس ٹولی کے 6 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون اور گھٹکیسر پولیس نے مشترکہ کارروائی میں 40 سالہ بھانو کرن کمار ساکن صوبیداری ہنمکنڈہ، 27 سالہ پی نوین کمار ساکن ملگو، 30 سالہ کے راج شیکھر ساکن ملگ، 30 سالہ کے ملکارجن، 25 سالہ بھارگو اور 31 سالہ گڈم لکشمن ساکنان ملگ کو گرفتار کرلیا جبکہ 27 سالہ سی نوین مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس نے راما کرشنا کو پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا۔ اس ٹولی کے اصل سرغنہ 28 سالہ باجوپلی مدھوکر نے ضمانت لی تھی۔ پولیس کے مطابق فرضی دستاویزات اور نقلی بلس تیار کرتے ہوئے ملگ تلگو سے یہ لوگ ریتی کی غیرقانونی نکاسی کررہے تھے۔ سینڈ سیل مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سسٹم جوکہ خصوصی طور پر ریتی کی غیرقانونی نکاسی اور منتقلی کی روک تھام کے لئے قائم کیا گیا جس کی نگرانی راست طور پر تلنگانہ اسٹیٹ منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کی جانب سے کی جاتی ہے۔ یہ دھوکہ باز افراد ریتی حاصل کرنے کے مقام پر گاڑی کے ساتھ پہونچ کر نقلی رسید دکھاکر ریتی کی غیر قانونی منتقلی کررہے تھے۔ ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او ٹی اور گھٹکیسر پولیس نے اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔