ریت کا ہفتہ منانے جگن کی ہدایت مضحکہ خیز : چندرا بابو

   

حیدرآباد،30اکتوبر(یواین آئی) تلگودیشم کے قومی صدر و اے پی کے سابق وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے ریت کے بحران پر قابو پانے کے لئے ‘ریت کا ہفتہ’منانے عہدیداروں کو وزیراعلی جگن موہن ریڈی کی ہدایت کا مضحکہ اڑایا۔ انہوں نے تلگودیشم کے لیڈروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے کہا ہمیں رزمیہ کہانیوں میں نرکاسور اور راون سور کے بارے میں معلوم ہوتا ہے تاہم وائی ایس آرکانگریس حکومت کی نئی ریت کی پالیسی نے ہر گاوں میں غیر قانونی ریت کی برآمد کنندہ کو پیداکیا ہے ۔حکومت کو چاہئے کہ وہ ریت کے ہفتہ کے پروگرام کے بجائے ایسے برآمد کنندہ کا خاتمہ کرے ۔ریت کی عدم دستیابی نے ریاست میں تعمیراتی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیداکردی ہے اور اس سے لاکھوں تعمیراتی مزدور معاش سے محروم ہوگئے ہیں۔تاحال ایسے چھ مزدوروں نے اپنی زندگی ختم کردی ہے کیونکہ وہ کام تلاش نہیں کرسکے اور وہ معاشی مسائل کا سامناکرنے سے قاصر تھے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تعمیراتی مزدوروں کی خودکشی کے درحقیقت حکومت کی جانب سے کیا گیا قتل ہے ۔سابق وزیراعلی نے اپنی پارٹی کے لیڈروں سے خواہش کی کہ وہ ریت کے بحران اور خودکشی کے واقعات کے بارے میں انسانی حقوق کمیشن سے شکایت کریں۔انہوں نے قومی سطح پر ریت کے بحران کے مسئلہ کو اجاگر کرنے کی بھی ضرورت کو اجاگر کیا۔نائیڈو نے الزام لگایا کہ وائی ایس آرکانگریس کے لیڈران ریت کی لوٹ مار کررہے ہیں اور بھاری رقومات بنارہے ہیں۔