ریت کی غیرقانونی نقل و حمل کے خلاف انتباہ

   

نظام آباد۔19 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں غیر قانونی ریت کی نکاسی اور نقل و حمل کو کسی بھی صورت برداشت نہ کرنے کا ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے انتباہ دیا ، ریت کی کھدوائی اور نقل و حمل آن لائن بکنگ نظام کے تحت ہی انجام دی جائے اور آف لائن وے بل یا اجازت نامے جاری کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ تحصیلداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن پرمٹ کے بغیر ریت کی منتقلی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔حال ہی میں سالورہ منڈل میں غیر قانونی ریت لے جانے والی دو گاڑیوں کی ضبطی کے واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ تحصیلدار کو شوکاز نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ اگر کہیں بھی غیر قانونی ریت کی نقل و حمل پائی جائے تو تحصیلدار اور پولیس حکام فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔