گلبرگی :کرناٹک کے کالبرگی ضلع کے نارائنا پورہ گاؤں میں ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کی کوشش کرنے والے ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل کوکچل کر ہلاک کر دیا گیا، پولیس نے جمعہ کو بتایا۔ ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کے بارے میں ایک خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل میسور چوہان اورکانسٹیبل پرمود ڈوڈمانی جمعرات کو رات 10 بجے موٹر سائیکل پر نارائن پورہ گاؤں گئے تھے۔ پولیس عہدیداروں نے ٹریکٹرکا پیچھا کیا جس میں غیر قانونی طور پر ریت لے جائی جارہی تھی اور ڈرائیورکوگاڑی روکنے کو کہا جو نہیں رکا ۔ اور موٹر سیکل پر تعاقب کرنے والے چوہان کو کچل کر ہلاک کر دیا گیا جبکہ دودمانی معمولی زخموں کے ساتھ بچ جانے میں کامیاب ہوا۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ نیلوگی پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس نے ملزم سدپا کو حراست میں لے لیا ہے اور دوسرے ملزم سائبانا کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دیہی ترقی اور پنچایتی راج ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی کے وزیر پرینک کھرگے نے کہا میں نے ضلع کمشنر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سے بات کی ہے اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔کرناٹک کے وزیر ایم سی سدھاکر نے کہا یہ بہت ہی افسوسناک ہے اور ہمیں اس کے پیچھے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ انصاف فراہم کیا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دریائے بھیما سے ریت کی غیر قانونی کان کنی کی گئی تھی۔