ریت کی غیر مجاز منتقلی کے خلاف کارروائی

   

300ڈمپس ضبط ،ٹریکٹروں کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا
حیدرآباد ۔28اکٹوبر ( سیاست نیوز) مسٹر راجیش کمار ریونیو ڈیویژنل آفیسر کلواکرتی کی نگرانی میں غیر مجاز طور پر تیار کئے گئے ریت کے 300 ڈمپس ضبط کئے گئے ۔ بتایا جاتا ہیکہ ونگور منڈل میں واقع دوندوبی ندی سے ریت کی غیر مجاز منتقلی عمل میں لائی جارہی تھی لیکن ریونیو ڈیویژنل آفیسر کلواکرتی مسٹر راجیش کمار نے غیر مجاز طور پر ریت کی منتقلی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے ندی میں غیر مجاز طور پر تیار کردہ ریتی کے 300 ڈمپس کو ضبط کردیا ۔ بعد ازاں مسٹر راجیش کمار آر ڈی او کلواکرتی نے بتایا کہ کسی اجازت کے حصول کے بغیر غیر مجاز طور پر ریت کی منتقلی کرنے پر سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریت منتقلی کے اجازت ناموں کے نام پر بعض افراد نے ریت کو ڈمپ کر کے غیر مجاز طور پر دیگر مقامات کو منتقل کررہے ہیں لیکن اس طرح کی کسی بھی کوششوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ اس موقع پر تحصیلدار شریمتی ناگامنی ، سب انسپکٹر پولیس ، کرشنا دیوا ، گرداور سیتارام نائیک بھی موجود تھے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہیکہ کوسگی ٹاؤن کے پاس بھی کسی اجازت کے بغیر ریت کی غیر مجاز طور پر منتقلی کرنے والے سات ٹریکٹرس کو پولیس نے ضبط کرلیا ۔ سرکل انسپکٹر پولیس مسٹر پریم کمار کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ منڈل میں شریفا ندی سے غیر مجاز طور پر ریت منتقل کرنے کی اطلاع ملنے پر پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں شریفا ندی سے غیر مجاز طور پر ریت کی منتقل کرنے والے پانچ ٹریکٹروں کے علاوہ چندرا ونچا سے تعلق رکھنے والے مزید دو ریت سے بھرے ہوئے ٹریکٹروں کو پکڑ کر ضبط کرلیا گیا ۔ ریونیو ڈیویژنل آفیسر کلواکرتی مسٹر راجیش کمار نے غیر مجاز ریت منتقل کرنے والے افراد کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فرد کو ( خواہ وہ کسی بھی رتبہ کا حامل کیوں نہ ہو ) غیر مجاز ریت کی منتقلی کرنے کی کوشش پر معاف نہیں کیا جائے گا بلکہ سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔