حیدرآباد۔/9 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو نے اندیشہ ظاہر کیا کہ تلنگانہ میں پڑوسی ریاستوں سے ریت کی منتقلی کی صورت میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ ریت کی منتقلی کے ساتھ کورونا بھی تلنگانہ میں منتقل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ریت کی منتقلی کے سلسلہ میں مصروف ملازمین اور نگرانکاروں کا کوئی میڈیکل ٹسٹ نہیں کیا جارہا ہے جو خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریت کی منتقلی میں ملوث ہر شخص کا ٹسٹ کیا جائے اس کے بعد انہیں ریت کی منتقلی کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 1.7 لاکھ کروڑ کے پیاکیج کا اعلان کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری کی تکمیل سمجھی ہے۔ انہوں نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ ہر غریب خـاندان کو 7,500 روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے جس معاشی پیاکیج کی تجویز پیش کی ہے اس پر عمل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں نہ صرف غریب بلکہ مقامی اور غیر مقامی ورکرس و لیبرس مشکلات سے دوچار ہیں۔ حکومت کو ان تمام کے تحفظ کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کرنی چاہیئے۔
