ریجنل رنگ روڈس کی تعمیر کیلئے 20 سے زائد کمپنیوں کی پیشکش

   

مرکز سے 17000 کروڑ کا خرچ، اہم شہروں کیلئے ٹریفک میں آسانی
حیدرآباد: ریجنل رنگ روڈس کی تعمیر کیلئے حکومت کی جانب سے طلب کردہ ٹنڈرس میں 20 سے زائد کمپنیوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے ریجنل رنگ روڈس کی تعمیر کیلئے کنسلٹنٹس کا تقرر کیا ہے اور ٹنڈرس کی طلبی میں تقریباً 20 اداروںکی جانب سے ٹنڈر داخل کیا گیا ۔ ٹنڈرس کی کشادگی 25 مئی کو مقرر تھی ، تاہم حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں ایک ہفتہ کی توسیع کردی ۔ ٹنڈر کی منظوری اور تعمیری کاموں کیلئے کمپنی کے نام کو قطعیت دینے کیلئے دو ماہ کا وقت درکار ہے۔ حکام کی جانب سے ٹکنیکل اور فینانشیل امور کا جائزہ لینے کے بعد تعمیری کاموں کے ماہر ادارہ کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی بنیاد پر منتخب کردہ ادارہ سے معاہدہ کیا جائے گا۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت 17000 کروڑ کے خرچ سے ریجنل رنگ روڈس تعمیر کر رہی ہے ۔ ریاستی حکومت نے پراجکٹ کیلئے 700 کروڑ مختص کئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں نرسا پور ، توپران ، گجویل ، جگدیو پور ، بھونگیر اور چوٹ اپل جنکشنوں کو مربوط کرتے ہوئے رنگ روڈ تعمیر کی جائے گی ۔ 180 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ کی پراجکٹ رپورٹ کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلہ کے کاموں پر توجہ دی جائے گی جس کے تحت ابراہیم پٹنم ، کندوکور ، امنگل ، چیوڑلہ ، شنکر پلی اور سنگا ریڈی کے 160 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل رنگ روڈس کی تعمیر سے بنگلور ، ممبئی ، ناگپور اور وجئے واڑہ کیلئے ٹریفک کے بہاؤ میں سہولت ہوگی۔