ریجنل پاسپورٹ آفس میں 2 خصوصی انکوائری کاونٹرس کا قیام

   

حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا نے بتایا کہ پاسپورٹ درخواستوں میں اضافہ سے نمٹنے کیلئے 5 پاسپورٹ سیوا کیندر اور 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر پر خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ان مراکز پر پیر تا جمعہ روزانہ تقریباً 4 ہزار درخواستیں قبول کی جارہی ہیں اور روزانہ تقریباً 2800 پاسپورٹ جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضافی درخواستوں کو دیکھتے ہوئے اگسٹ 2023 سے ہفتہ کے ایام میں بھی پاسپورٹ مراکز کو کھلا رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگامی حالات میں سفر کرنے والے افراد کی درخواستوں کی یکسوئی کیلئے ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد میں 2 انکوائری کاونٹرس قائم کئے گئے جہاں 250 درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ ان میں سے 125 درخواستیں آن لائن جبکہ 125 شخصی طور پر ٹوکن حاصل کرتے ہوئے داخل کی جاسکتی ہیں۔ آن لائن اپائنٹمنٹس حاصل کرنے والے افراد کو قطار میں انتظار کی زحمت نہیں رہے گی۔ پاسپورٹ آفیسر نے ہنگامی طور پر سفر کرنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائن اپائنٹمنٹس کیلئے ویب سائیٹ www.passportindia.gov.in سے استفادہ کریں۔