ریحان ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں توجہ کا مرکز

   

نئی دہلی : ہندوستان اورانگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ونڈے میچوںکی سیریز6 فروری سے کھیلی جائے گی۔ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی2025 کے پیش نظر یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہم ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پچھلے کچھ عرصے میں بہت کم ونڈے میچ کھیلے ہیں۔ ایسے میں انتظامیہ کے پاس صحیح ٹیم کا اشتراک بنانے کے لیے صرف 3 میچز ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ونڈے میں انگلینڈ کی حالیہ کارکردگی انتہائی خراب رہی ہے۔ ان کی نظریں بھی جیت کے پٹری پر واپسی پر ہوں گی لیکن سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی ایک بری خبر آئی ہے کیونکہ ان کا ایک نوجوان کھلاڑی زخمی ہوا ہے۔ ہندوستان کا دورہ انگلینڈ کے لیے اب تک کافی خراب رہا ہے۔ اسے 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ساتھ ہی ونڈے سیریز سے قبل ٹیم کا تناؤ بھی بڑھ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے وکٹ کیپر جیمی اسمتھ پنڈلی کی تکلیف کے باعث ہندوستان کے خلاف پہلے دو ونڈے میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ جیمی اسمتھ نے حال ہی میں ہندوستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوران اپنا ٹی20 ڈیبیو کیا۔ جیمی اسمتھ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں2 میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ اس دوران وہ صرف 28 رنز بنا سکے اور پھرآخری 2 میچز میں نہیں کھیل سکے۔ جیمی اسمتھ کی عدم موجودگی انگلینڈ کے لیے ایک بڑا دھکا ہے کیونکہ ان کی ٹیم کے لیے وکٹ کیپرکا انتخاب کرنا بہت مشکل ہوگا۔ دراصل انگلینڈ کے پاس موجودہ ٹیم میں فل سالٹ اور جوس بٹلرکی شکل میں دو وکٹ کیپر بیٹرس موجود ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان نے پنڈلی کی زخموں سے واپسی کے بعد سے دستانے نہیں پہنے ہیں اور حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں خالص بیٹر کے طور پر بھی کھیلے ہیں۔ دوسری جانب سالٹ نے بطور وکٹ کیپر صرف تین ونڈے کھیلے ہیں اور یہ کارکردگی انگلینڈ کے حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران سامنے آئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگ اسپنر ریحان احمدکو ونڈے سیریز کے لیے ہندوستان میں ہی قیام کی ہدایت دی گئی ہے۔حالانکہ وہ ابتدائی طور پر ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز اور چمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور ٹی20 سیریز کے بعد وطن واپس آنے والے تھے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ ٹی20 سیریز میں شکست کے بعد لیا جا رہا ہے۔ درحقیقت ٹی20 سیریز میں انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں صرف ایک صف اول کے اسپنر کو شامل کیا تھا۔ جس کی وجہ سے ان کا بولنگ شعبہ کمزور دکھائی دے رہا تھا۔ان حالات کے پیش نظر ریحان کو روکا گیا ہے ۔