نئی دہلی۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے میڈیکل کورس میں اندراج کیلئے ملک گیر سطح کے کوٹہ میں ٹاملناڈو کی طرف سے چھوڑی گئی نشستوں میں دیگر پسماندہ طبقوں (او بی سی) کو 50% ریزرویشن کو یقینی بنانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت سے یہ کہتے ہوئے جمعرات کو انکار کر دیا کہ ریزرویشن کا حق بنیادی حق نہیں ہے ۔جسٹس ایل ناگیشور راؤ، جسٹس کرشن مراری اور جسٹس ایس رویندر بھٹ کی ڈویژن بینچ نے اس مسئلے پر ڈی ایم کے ، اناا ڈی ایم کے اور بائیں بازو کے ایک پلیٹ فارم پر آنے کے سلسلے میں تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہاہم دیکھ رہے ہیں کہ تمام مخالف سیاسی پارٹیاں اس معاملے میں متحد ہو گئی ہیں، لیکن ریزرویشن کا حق بنیادی حق نہیں ہے اور اسے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔