ریزرویشن بچاؤ سنگھرش سمیتی کا آج بھارت بند

   

تعلیمی ادارے، پولیس سرویسس، فارمیسی سرویس بند سے مستثنیٰ

نئی دہلی : ریزرویشن بچاؤ سنگھرش سمیتی نے چہارشنبہ 21 اگست کو بھارت بند کا اعلان کیا ہے۔ یہ ملک گیر احتجاج درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل (ایس سی /ایس ٹی) کے لیے ریزرویشن پر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے خلاف احتجاج میں بلایا گیا ہے۔ ہنگامی خدمات جیسے ایمبولنس، ہاسپٹل اور طبی سہولتوں وغیرہ کو بھارت بند سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔ اِسی طرح پولیس سرویسس اور فارمیسی سروس حسب معمول کام کریں گے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے متحرک رہیں گے۔ ملک بھر میں ادویات کی دوکانیں بھی کھلی رہیں گی۔ اس کے علاوہ سرکاری دفاتر، بینک، اسکول اور کالج بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ ریزرویشن بچاؤ سنگھرش سمیتی کے علاوہ کئی دیگر تنظیموں نے بھی اس بند کی حمایت کی ہے۔ اس کے علاوہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے بھی اس بند کو اپنی حمایت دی ہے۔ راجستھان کے ایس سی/ایس ٹی گروپوں نے بھی اس بند کو اپنی حمایت دی ہے۔کئی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت بند کے پیش نظر پولس نے بھی بڑی تیاریاں کی ہیں اور تمام اضلاع میں امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ کسی قسم کی گڑبڑ نہ ہو۔ احتجاج کے دوران کسی قسم کی کشیدگی نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی تعیناتی بڑھانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ بھارت بند کے دوران تشدد نہ ہو، سینئر پولیس افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تیاریوں کا جائزہ لیا۔