ریزرویشن کو بھی بی جے پی کھلے عام ہڑپ لیتی ہے :اکھلیش یادو

   

Ferty9 Clinic

لکھنؤ30 دسمبر(یواین آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہی گھپلے باز لوگ ہیں جو آئین کی جانب سے دیے گئے ریزرویشن کو بھی کھلے عام ہڑپنے کا کام کرتے ہیں۔ منگل کو پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیتی) مخالف اور بے شرم سوچ رکھنے والی پارٹی ہے ، جو جان بوجھ کر ریزرویشن کے حق پر ڈاکہ ڈالتی ہے اور یہ سمجھ کر چلتی ہے کہ پکڑے جانے پر محض رسمی کارروائی کر لی جائے گی۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ او بی سی، دلت، اقلیتیں اور خواتین بی جے پی کی نظر میں دوسرے درجے کے شہری ہیں۔ بالادستی کی سوچ میں مبتلا بی جے پی کارکنوں کے دلوں میں بھرا ہوا امتیاز کا زہر کبھی پی ڈی اے کے خلاف تشدد، استحصال، ظلم اور چھوا چھوت کی صورت میں سامنے آتا ہے تو کبھی ریزرویشن چھیننے یا گنگا جل سے دھلوانے جیسے قبیح اقدامات کی شکل میں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں رہی تو نہ آئین محفوظ ہے اور نہ ہی ریزرویشن۔ بی جے پی نے پسماندہ، دلت اور سماج کے تمام طبقات کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور آئین میں دیے گئے حقوق کو نافذ کرنے کا اس کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ بی جے پی حکومت کے ایجنڈے میں روزگار شامل نہیں ہے ، اور پی ڈی اے سماج کیلئے تو بالکل بھی نہیں۔ یادو نے الزام عائد کیا کہ 69 ہزاراساتذہ بھرتی گھپالے میں بی جے پی حکومت جان بوجھ کر سپریم کورٹ میں سرکاری وکیل کو پیش نہیں ہونے دیتی اور مقدمات کی سماعت ٹلوانے کی کوشش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے سماج بی جے پی کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکا ہے اور سال 2027 میں متحد ہو کر بی جے پی کو اقتدار سے ہٹا کر اس کے غرور کا خاتمہ کرے گا۔