ڈیلیوری بواے کے ساتھ فاصلہ برتیں ، ڈبہ بند غذا کو نکالنے کے دوران احتیاط لازمی
حیدرآباد۔4جون(سیاست نیوز) ریستوراں کھول دیئے جانے کے بعد جب ریستوراں میں کھانے کیلئے جائیں تو کس طرح کی احتیاط کی جانی چاہئے اس سلسلہ میں بھی امریکی یونیورسٹی رٹگرس کی جانب سے وسیع تحقیق کے بعد رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے اور کہاجا رہا ہے کہ دنیا بھر میں ریستوراں کھول دیئے جانے کے باوجود بھی عوام میں خوف و ہراس برقرار رہنے کا امکان ہے اسی لئے اس خوف سے باہر نکالنے کیلئے کی گئی تحقیق کے ساتھ جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط میں کہا گیا ہے کہ جب گاہک کو اس کی آرڈر کردہ اشیاء سربراہ کی جائیں تو کچھ لمحوں کیلئے جس برتن میں یہ اشیاء سربراہ کی گئی ہیں اس کے اوپری حصہ کو اچھی طرح سے صاف کرلیں اور اس کے بعد ہی اسے ہاتھ لگائیں تاکہ اس بات کی طمانیت حاصل ہوجائے کہ وہ جس برتن کا استعمال کر رہے ہیں وہ محفوظ ہے۔ بل کی ادائیگی کے سلسلہ میں عجلت کریں اور جو شخص کھانا سربراہ کررہا ہے اسی کو بل اور ٹپ ادا کردیں تاکہ ہوٹل میں زیادہ لوگوں سے رابطہ کی ضرورت محسوس نہ ہو اور اگر دربان و ڈرائیور کو بھی ٹپ دینی ہے تو اس کیلئے کھانا سربراہ کرنے والوں کو ہی پیشگی ٹپ ادا کردی جائے۔ اس کے علاوہ تیار غذا جب گھر منگوائی جائے تو بھی ٹپ پیشگی ادا کردیں اور سربراہ کرنے والے ڈیلیوری بوائے کو 6فیٹ کا فاصلہ رکھنے کا تاکید کریں اس کے بعد جو ڈبہ وہ لایا ہے اس کو اچھی طرح سے صاف کرنے کے بعد اسے گھر کے اندر لے جائیں ۔گھر پر منگوائے گئے کھانے کو فوری ان ڈبوں سے نکال لیں جن میں وہ سربراہ کیا گیا ہے اور انہیں بہتر انداز میں تلف کرنے کے بعد اپنے ہاتھ کی مؤثر صفائی کو یقینی بنانے کیلئے ہاتھ اچھی طرح 20 سکنڈ تک دھولیں اور اس کے لئے صابن کا لازمی استعمال کریں۔جس مقام پر رکھ کر کھانے کی اشیاء نکالی گئی ہیں اس مقام کو بہتر انداز میں صاف کرلیں تاکہ اگر کسی ڈبہ یا کوور پر وائرس موجود تھا اور اس جگہ پر لگ گیا ہے تو وہ مکمل طور پر صاف ہوجائے اور کسی قسم کے خدشات باقی نہ رہیں۔