حکومت ہند چمپئن اسٹار کو انصاف دلائے : راہول گاندھی ۔ وزیراعظم مودی کا بھی فوری ردعمل
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور سابق صدر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو کہا کہ خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ کو پیرس اولمپکس میں ان کے فائنل راؤنڈ میں تکنیکی بنیادوں پر نااہل قرار دینا افسوسناک ہے اور انڈین اولمپک اسوسی ایشن کو اس کی مذمت کرنی چاہئے۔ اس معاملے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے اور ملک کی بیٹی کو انصاف فراہم کیا جائے۔ چہارشنبہ کی صبح 29 سالہ ونیش جنہیں سلور میڈل حاصل ہونا یقینی تھا ، انہیں بتایا گیا کہ ویمنس 50kg ایونٹ کیلئے نااہل قرار دیا گیا ہے کیونکہ ان کے وزن میں 100 گرام کا اضافہ ہوگیا۔ ایک انڈین کوچ نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ فائنل سے چند گھنٹے قبل یکایک یہ اطلاع ملی۔ ہندوستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 11:30 بجے ونیش کا فائنل مقرر تھا۔ حیران کن بات یہ ہیکہ وزیراعظم نریندر مودی نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ونیش پھوگاٹ سے اظہاریگانگت کیا ہے۔ یہ وہی اسٹار ریسلر ہے جو گزشتہ سال دہلی کی سڑکوں پر احتجاج کرتی رہی۔ احتجاج کی وجہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کی جانب سے جنسی استحصال کے سنگین الزامات رہے، تب کئی جہدکاروں نے وزیراعظم پر زور دیا تھا کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے خاتون ریسلرس کو انصاف دلائیں کیونکہ معاملہ سنگین ہے لیکن وزیراعظم کی خاموشی نہیں ٹوٹی تھی۔ آج انہوں نے فوری ٹوئیٹ کیا اور ونیش کو چمپئن آف چمپن ئنس قرار دیتے ہوئے انہیں تسلی دی کہ اولمپکس میں آج کی غیرمتوقع تبدیلی پر مایوس نہ ہوں۔ آپ عزم و استقلال کی مثال ہیں۔ آپ دوبارہ واپس آئیں گی۔ وزیراعظم نے انڈین اولمپک اسوسی ایشن کی صدر پی ٹی اوشا سے بات کی اور اس معاملہ کی جانکاری حاصل کی۔ پی ٹی اوشا گیمس ولیج پہنچ چکی ہیں اور بتایا گیا کہ وہ معاملہ کا جائزہ لے رہی ہیں۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی ونیش کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ ان کی غیرمعمولی کامیابیاں ہندوستانی عوام کیلئے حوصلہ بخش رہیں گی ۔ کھرگے نے کہاکہ پرائیڈ آف انڈیا ونیش پھوگاٹ نے ورلڈ چمپئن کو شکست دی لیکن تکنیکی وجوہات کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اسٹار ریسلر ونیش پھوگاٹ جو کہ نامی گرامی پہلوانوں کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی، اسے تکنیکی بنیادوں پر نااہل قرار دیا گیا۔ ہمیں پوری امید ہے کہ انڈین اولمپک اسوسی ایشن اس فیصلے کو سختی سے چیلنج کرے گی اور ملک کی بیٹی کو انصاف فراہم کرے گی۔ ’’ونیش ہمت ہارنے والی نہیں ہے، ہمیں یقین ہے کہ وہ اور بھی مضبوطی سے میدان میں واپس آئے گی۔ آپ نے ہمیشہ ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے ونیش۔ آج بھی پورا ملک آپ کی طاقت بن کر آپ کے ساتھ کھڑا ہے‘‘۔