ریسلنگ فیڈریشن کی ایڈ ہاک کمیٹی تحلیل

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن میں گزشتہ ایک سال سے ہنگامہ برپا ہے۔ ملک کے تجربہ کار پہلوانوں نے فیڈریشن کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف محاذ کھولا تھا اور ان پر کئی سنگین الزامات لگائے تھے۔ اس کے بعد فیڈریشن میں بھی انتخابات ہوئے، جس میں برج بھوشن کے قریبی سنجے سنگھ نئے صدر بن گئے۔ پچھلے ایک سال کے تنازعات کے بعد ڈبلو ایف آئی کا کنٹرول برج بھوشن شرن سنگھ کے قریبی سنجے سنگھ کے ہاتھ میں آیا ہے۔ ایک سال سے زائد عرصے سے تنازعات میں گھری ہندوستانی ریسلنگ اسوسی ایشن میں صورتحال میں بہتری کا امکان ہے۔ ایشین اولمپک کوالیفائنگ ایونٹ کے ٹرائلز کے کامیاب انعقاد کے بعد، انڈین اولمپک اسوسی ایشن نے ریسلنگ فیڈریشن کے کام کاج کی دیکھ بھال کرنے والی ایڈہاک کمیٹی کو تحلیل کردیا ہے۔ جس کے بعد فیڈریشن کا کام مکمل طور پر فیڈریشن کے نئے افسران کے ہاتھ میں آگیا ہے۔ آئی او اے نے یہ فیصلہ لیا، جس پر ریسلنگ فیڈریشن کے نئے صدر سنجے سنگھ نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔ تحقیقات کے بعد کمیٹی تحلیل کر دی گئی تاہم صورتحال اس وقت بدل گئی جب یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے ہندوستانی فیڈریشن پر سے اپنی معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم، اس مدت کے دوران آئی او اے نے ایشیائی اولمپک کوالیفائرزکے قومی ٹرائلز کے انعقاد کی ذمہ داری ایڈہاک کمیٹی کو دی تھی۔ گزشتہ ہفتے ہی اس کمیٹی نے کامیابی سے ٹرائلز کا انعقاد کیا جس کے بعد ایڈہاک کمیٹی کی بقا پر سوالات اٹھ رہے تھے۔ ایسے میں دہلی ہائی کورٹ نے کمیٹی کو تحلیل کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد آئی او اے نے یہ فیصلہ لیا۔ آئی او اے نے واضح کیا کہ اب اس ایڈہاک کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔