بغداد : عراق کے وزیر محنت و سماجی امور نے بغداد کے ضلع الجادریہ میں ’’مادو‘‘ کے نام سے معروف ریسٹورنٹ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے۔ مقدمہ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پیر کو وزیر احمد الاسدی کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریسٹورنٹ نے ان کی موجودگی کو پروپیگنڈا کے مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے۔وزارت کے میڈیا ایڈوائزر کاظم العطوانی نے مختصرا بتایا کہ یہ ریسٹورنٹ ترک اور عراقی کھانوں میں مہارت رکھتا ہے۔ وزیر کی موجودگی میں ویڈیو بنائی گئی اور اس میں ریسٹورنٹ کی خوبیوں کو بیان کیا گیا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہمیں ایک ریستوران کی انتظامیہ کی طرف سے تیار کردہ ایک ویڈیو کلپ سے حیرت ہوئی جس میں وزیر کی موجودگی میں معمر افراد کی دیکھ بھال کے ادارے دارالرشاد میں متعدد بزرگ افراد کیلئے افطاری کی ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔