حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن حدود میں ملک پیٹ ریس کورس کے قریب آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک نوجوان پر بعض افراد نے قاتلانہ حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سید مجیب پر اُس کے ساتھی اشفاق اور اُس کے ساتھی ناگراجو اور دیگر نے سرجیکل بلیڈ سے قاتلانہ حملہ کرکے شدید زخمی کردیا جب وہ ریس کورس کے قریب سے گزر رہا تھا۔ سید مجیب کے سینے اور پیٹ پر گہرا زخم آیا۔ اے سی پی سلطان بازار پی دیویندر کے بموجب 40 سالہ سید مجیب رام نگر نلہ کنٹہ کا ساکن ہے اور وہ خانگی ڈیاگناسٹک سنٹر میں ملازمت کرتا ہے جہاں ایک حملہ آور کی بیوی بھی ملازمت کرتی ہے۔ پولیس چادرگھاٹ نے اقدام قتل کا ایک مقدمہ درج کرکے حملہ آوروں کو حراست میں لے لیا۔