ریس 4 میں سلمان خان کی جگہ سیف علی کی واپسی

   

ممبئی ۔ ریس فرنچائز بالی ووڈ کی سب سے مشہور تھرلر سیریز میں سے ایک ہے، جس کا آغاز 2008 میں عباس مستان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سے ہوا تھا اور اس میں سیف علی خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ سیف نے 2013 کے سیکوئل میں بھی کام کیا تھا۔ تاہم سلمان خان نے 2018 میں تیسری قسط کی قیادت سنبھالی، جس کی ہدایت کاری ریمو ڈی سوزا نے کی تھی۔ بدقسمتی سے اس تیسری فلم کو باکس آفس پر کامیابی نہیں ملی۔ سلمان کے ساتھ فلم میں انیل کپور، ڈیزی شاہ، جیکولین فرنینڈس، بابی دیول اور ثاقب سلیم شامل تھے۔ تفریحی خبروں کے شائقین کے لیے ایک دلچسپ پیش رفت میں، پروڈیوسر رمیش تورانی چوتھی قسط کے ساتھ فرنچائز کو بحال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم سلمان خان مرکزی اداکارکے طور پر واپس نہیں آئیں گے۔ رپورٹ کے مطابق سیف علی خان ریس فرنچائز میں واپس آرہے ہیں۔ پروجیکٹ کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ سیف کچھ عرصے سے رمیش تورانی کے ساتھ چوتھی فلم کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں اور انہوں نے فرنچائزکو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔