ریشم باغ گولکنڈہ میں قتل کی واردات

   

حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) گولکنڈہ پولیس اسٹیشن حدود میں رات دیر گئے قتل کی واردات پیش آئی۔ تفصیلات کے مطابق 40 سالہ نواز جو پیشہ سے پلمبر تھا، کی نعش احاطہ درگاہ سید صدیق شاہ ریشم باغ میں دستیاب ہوئی۔ آج صبح نعش کو دیکھنے پر مقامی عوام نے پولیس کو آگاہ کیا، جس کے نتیجہ میں انسپکٹر گولکنڈہ پولیس اسٹیشن چندرشیکھر ریڈی اپنی ٹیم کے ہمراہ پہونچ گئے اور وہاں پر سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ نواز کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کیا گیا ہے اور شبہ کیا جاتا ہے کہ اُس کے قریبی ساتھیوں نے ہی اُس کا قتل کیا ہے۔ پولیس گولکنڈہ نے اِس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور خاطیوں کی تلاش شروع کردی۔