نئی دہلی،20مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی معروف کمپنی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ نے کورونا وائرس کی وبا کے مدنظر کئی جگہوں پر اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ حالانکہ اس میں اسپتال، رٹیل آوٹ لیٹس اور ٹیلی کمیونیکشن سروس کے ملازمین شامل نہیں ہوں گے ۔ ان میں کم ملازمین سے کام چلایا جائے گا۔ پٹرول سے ٹیلی مواصلات تک کئی شعبوں میں سرگرم کمپنی نے کئی مقامات پر اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دی ہے ۔ یہ انتظام ملک اور بیرون ملک میں تعینات کمپنی کے ملازمین پر لاگو 31 مارچ تک نافذ رہے گا۔ حالانکہ گروپ ورک سائٹ پر کم از کم تعداد میں ملازمین موجود رہیں گے تاکہ کام کاج جاری رکھا جاسکے ۔ ملک بھر میں کئی شعبوں کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔
میٹرو ٹرین سروس
22 مارچ کو بند
نئی دہلی، 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس ‘کووڈ -19’ کے انفیکشن سے لڑنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے 22 مارچ کو ‘جنتا کرفیو’ کے اعلان کے بعد دہلی میٹرو نے بھی اتوار کو اپنی سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے ٹویٹ کیاکہ لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی کوشش کے تحت میٹرو سروس اس دن دستیاب نہیں رہے گی۔
