حیدرآباد 4 نومبر (سیاست نیوز) محکمہ ڈاک حیدرآباد سارٹنگ ڈیویژن نے شہر کے اہم مراکز پر پوسٹل بکنگ مراکز کے تحت 24 گھنٹے خدمات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس کے تحت صارفین مختلف نوعیت کے پوسٹل آرٹیکل جیسے اسپیڈ پوسٹ، پارسل، بزنس میل اور دیگر خدمات کیلئے ہفتہ بھر میں کسی بھی وقت بکنگ کرسکتے ہیں۔ پوسٹل بکنگ کیلئے پہلے مرحلہ میں جن مراکز کا انتخاب کیا گیا اُن میں نامپلی ریلوے اسٹیشن، سکندرآباد ریلوے اسٹیشن، بیگم پیٹ ایرپورٹ کے احاطہ میں موجود این ایس ایچ اسٹیشن، پی پی سی آٹو نگر اور شمس آباد ایرپورٹ شامل ہیں۔ صارفین ان مراکز میں بکنگ کیلئے کاؤنٹرس پر رجوع ہوسکتے ہیں۔ بکنگ کے بعد کسٹمرس کو ٹریکنگ نمبر دیا جائیگا جس کے تحت وہ اپنے پارسل کی آن لائن معلومات لے سکتے ہیں۔ پوسٹل محکمہ ویب سائٹ www.indiapost.gov.in سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ ریلوے میل ٹی اے وی شرما نے کہاکہ عوام کو پارسل خدمات مزید بہتر بنانے 24 گھنٹے سرویس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔1