ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ امتحانات : الیکٹرانک اشیاء، قلم، پنسل، بٹوے پر پابندی

   

نئی دہلی: انڈین ریلویزنے ریلوے بھرتی بورڈ کے امتحانات میں الیکٹرانک اشیاء کے علاوہ قلم، پنسل، کیپ، پرس اور پانی کی بوتلیں لانے پر پابندی لگا دی ہے اور امیدواروں کو اپنے ہاتھوں اور پیروں میں مہندی لگانے سے بھی روک دیا ہے ۔ وزارت ریلوے نے کال لیٹر میں دی گئی ہدایات میں ترمیم کرتے ہوئے تمام ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈز کے چیئرمینوں کو ایک سرکلر بھیجا ہے ،جس میں امتحانی مراکز میں داخلے کے لیے ممنوعہ اشیاء کی نئی فہرست جاری کی گئی ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ آر آر بی کے ذریعہ منعقد ہونے والے امتحانات میں کچھ اصول ہیں جس کی وجہ سے امتحانی مراکز میں کچھ اشیاء لے جانے پر پابندی ہے ۔ تاہم، کسی بھی مذہبی جذبات کو مجروح کرنے سے بچنے کے لیے مجاز اتھارٹی نے کال لیٹر میں دی گئی ہدایات کے پیرا 7 میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امیدواروں کو دی گئی ہدایات کے پیرا 7(1) میں کہا گیا ہے کہ ممنوعہ اشیاء/الیکٹرانک گیجٹس جیسے موبائل فون، پیجرز، گھڑیاں، ائرفون، بلوٹوتھ سے چلنے والی ڈیوائسز، مائیکروفون، ہیلتھ بینڈ، کیلکولیٹر، کتابیں، قلم، کاغذ، پنسل، ای یوزر، پاؤچ، اسکیل، وال پیپر، کیمرہ، بوتلیں، پیک/کھلی کھانے کی اشیاء وغیرہ امتحانی مرکز کے اندر لیجانے کی اجازت نہیں ہے ۔ سرکلر کے مطابق، امتحانی مرکز کے اندر صرف ای کال لیٹرز کی اجازت ہوگی۔ امیدوار امتحانی مرکز کے اندر کوئی قلم/پنسل ساتھ نہ رکھیں۔امتحان کے دوران امیدواروں کو قلم فراہم کیے جائیں گے ۔ امیدواروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ہاتھوں/پاؤں پر مہندی نہ لگائیں کیونکہ یہ بائیو میٹرکس کی گرفت میں رکاوٹ ہے ۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پیرا 7(2) کے تحت تلاشی کے دوران، امیدواروں کو دھاتی ملبوسات، مذہبی نشانات، چوڑیاں، زیورات، منگل سوتر، بریسلیٹ وغیرہ لے جانے /پہنتے ہوئے پائے گئے ، انہیں ان کے کال لیٹر میں مناسب تصدیق کے ساتھ امتحانی ہال کے اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔