ریلوے مسافروں کو 20 منٹ قبل رپورٹنگ پر ہی سفر کی اجازت

   

حیدرآباد۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) ریلوے مسافرین کو مقررہ اوقات سے کم از کم 20 منٹ قبل ریلوے اسٹیشن میں حاضر رہنا ہوگا، کیونکہ ریلوے اسٹیشنس اور ریلوں کی حفاظتی اقدامات کے تحت اب ریلوے مسافرین کی ٹھیک اسی طرح تلاشی لی جائے گی جس طرح ایرپورٹ پر مسافرین کی تلاشی لی جاتی ہے اور تلاشی کے بعد ہی مسافرین کو ٹرین میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی اور اب فی الحال الہ آباد (اترپردیش) اور ہبلی (کرناٹک) کے ریلوے اسٹیشنوں میں اس سکیورٹی سسٹم پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ آر پی ایف کے ڈاکٹر جنرل ارون کمار نے بتایا کہ ملکی سطح پر 202 ریلوے اسٹیشنوں میں اس سکیورٹی سسٹم پر عمل آوری کے طریقہ کار کو قطعیت دی جارہی ہے اور ریلوے اسٹیشنوں کو مکمل طور پر سکیورٹی کے حصار میں لے لیا جائے گا اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے ذریعہ تحفظ فراہم کیا جائے گا اور اسٹیشنوں میں ہر ایک باب الداخلہ کے پاس ریانڈم چیکنگ ہوگی اور مقامی حفاطتی اقدامات کے طور پر ریلوے اسٹیشنوں میں سی سی کیمرے ، باکسیس کنٹرول سسٹم، حفاظتی دستے، بیاگیج اسکیاننگ، بم ڈیڈکشن سسٹم نصب کئے جائیں گے۔ واضح ہو کہ ریلوے اسٹیشنوں میں مقامی حفاظتی اقدامات سے متعلق مرکزی حکومت نے 2016ء میں 385 کروڑ روپئے مختص کی تھی۔