ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔16۔ فروری (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے ریلویز کی ریاستی سطح کی سیکوریٹی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ٹرینوں کی حفاظت اور پٹریوں پر غیر مجاز سرگرمیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ ٹرینوں کی نگرانی جی آر پی سسٹم کے ذریعہ کی جائے گی اور ریلوے پٹریوں پر خودکشی کے واقعات کے تدارک ، ٹرینوں کے ذریعہ غیر قانونی طور پر انسانی منتقلی ،مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات اور سرقہ کے واقعات کو روکنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرینوں پر سنگباری کے واقعات کو روکنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے اضافی طور پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ریلویز بی شریدھر ریڈی، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل لاء اینڈ آرڈر سنجے کمار جین ، ایڈیشنل ڈائرکٹر ریلوے پروٹیکشن فورس راجہ رام ، ڈی آئی جی انٹلیجنس کارتکیا ، ڈپٹی ڈائرکٹر انٹلجنس ٹی سمبدھن ، ڈی آئی جی ایم رمیش ، ڈی بنجری، شریمتی شیخ سلیمہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریلوے پٹریوں کے قریبی علاقوں میں بسنے والے افراد کی سلامتی اور ریلوے پلیٹ فارمس پر مسافرین کو سرقہ اور دیگر واقعات سے بچانے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حفاظتی اقدمات اور احتیاطی تدابیر پر شعور بیداری کیلئے ایک مختصر فلم تیار کی جائے تاکہ عوام جرائم سے محفوظ رہیں۔ ر
سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد میں اضافہ کے ذریعہ ڈی جی پی آفس کے آئی ٹی سیل کی نگرانی میں چوکسی کا فیصلہ کیا گیا۔ر